لاہور(نامہ نگارخصوصی،این این آئی ،نیٹ نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی اپنے خلاف درج مقدمے کے اخراج کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے گلوکارہ میشا شفیع و دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاکے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔عدالت موسم سرما کی تعطیلات کے بعد فیصلہ سنائے گی۔میشا شفیع نے موقف اپنا رکھا ہے کہ ایف آئی اے نے سنے بغیر غیر قانونی طور پر مقدمہ درج کیا ۔ لہٰذااستدعا ہے کہ درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیا جائے ۔میشا شفیع کیخلاف گلوکار علی ظفر نے سوشل میڈیا پر بدنام کرنے کی منظم مہم چلانے کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے ۔دوران سماعت میشا شفیع کی وکیل حنا جیلانی نے مقدمے کی قانونی حیثیت پر اعتراض اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ اداکار علی ظفر نے اس لئے ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرایا تاکہ سیشن کورٹ میں ہتک عزت کے دعوے پر اثر انداز ہوا جا سکے ۔