کراچی ( کامرس رپورٹر )آئی ایم ایف کے سربراہ سے مدد لینے کی کوئی تجویز زیر غور نہ آنے کے حوالے سے مشیر خزانہ کے بیان سے سرمایہ کاروں کو اعتماد ملا،جس کے بعدسرمایہ کاروں کی سیمنٹ،سٹیل اور ٹیکنالوجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے سبب پاکستان سٹا ک مارکیٹ میں تیزی آگئی۔بدھ کو کے ایس ای100انڈیکس 229.97پوائنٹس اضافے سے بڑھ کر46629.88پوائنٹس ہو گیا ۔ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 27ارب51 کروڑ14لاکھ58ہزار839روپے اضافے سے 79کھرب60ارب96کروڑ49لاکھ51ہزار896روپے ہو گیا۔اس دوران 32کروڑ3لاکھ34ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔53.82فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔مجموعی طور پر340کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔ سٹاک ماہرین کے مطابق آنیوالی مانیٹری پالیسی میں شرح سود کے حوالے سے سرمایہ کار تذبذ ب کا شکار ہیں اس لئے موجودہ تیزی کو عارضی تصور کیا جا رہا ہے ۔ادھرفاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں1.25روپے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 171.65 سے بڑھ کر173اور قیمت فروخت 171.85سے بڑھ کر173.10روپے ہو گئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں20پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید174 سے بڑھ کر174.20اور قیمت فروخت174.50 سے بڑھ کر174.70روپے ہو گئی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں1ہزار روپے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ 25ہزار800روپے جبکہ857روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ7ہزار853روپے پر جا پہنچی۔