لاہور، جہلم،اسلام آباد، سرگودھا، نتھیا گلی(کلچرل رپورٹر،نمائندہ92نیوز،سپیشل رپورٹر،نامہ نگار،مانیٹر نگ ڈیسک) عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ پہلی بار اپنے امپائرکے بغیرالیکشن میں حصہ لے گی،آزاد امیدوار پارٹی اور ملک دونوں کا نقصان کر رہے ہیں، جو کھلاڑی اپنے لئے کھیلتا ہے وہ کبھی نہیں جیت پاتا،میں ایسی ٹیم بنا رہا ہوں جو ملک کے لیے کھیلے ، جو قوم کا وفادار نہیں وہ سب سے بڑا غدار ہے ،میرا سب کچھ پاکستان میں ہے ، میں اکیلا نکلا تھا مجھے راستے میں تبدیلی دیکھنے والے لوگ ملے ،شہباز شریف پاکستان کا سب سے کرپٹ آدمی ہے ، میں قائداعظم کو لیڈر مانتا ہوں، بھارت میں جس طرح ظلم ہو رہا ہے ، اگر قائداعظم پاکستان نہ بناتے تو آج ہم پر بھی اسی طرح ظلم ہوتا، انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا کو بھی لیڈر مانتا ہوں، نیلسن منڈیلا نے ستائیس سال جیل میں گزارے ، لیکن رہائی کے بعد اپنے دشمنوں کو معاف کر دیا ، حکمرانوں نے قرضے لے کر ملک کو دوسروں کا غلام بنا دیا۔شاہدرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہان لیگ نے ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لئے ، یہ لوگ جو پیسہ لوٹتے ہیں، اس کے ڈالر لے کر بیرون ملک بھیج دیتے ہیں، قوم غریب اور حکمران امیر ہو گئے ، نواز شریف کا باپ گوالمنڈی میں کام کرتا تھا جبکہ آصف زرداری سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتا تھا، شہباز شریف اب کہتا ہے دھاندلی نہیں ہونی چاہئے ،پہلی بار ایسا ہو رہا ہے جہاں ان کے امپائر نہیں ہونگے ،تحریک انصاف کے جو لوگ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں، ان سے کہتا ہوں کہ ہمارے امیدوار کو سپورٹ کریں، اگر ان کی وجہ سے پی ٹی آئی کا امیدوار ہارا تو ن لیگ کو فائدہ ہو گا،حکمرانوں نے عزت بنانے کے بجائے قوم کو مانگنے پر لگا دیا ۔قبل ازیں نتھیاگلی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران نے کہا الیکشن کے حوالے سے اچھی خبریں نہیں آ رہی ہیں، عوام کواپنابھرپورکردارنبھانا ہوگا،دوست محمد وہ کام کریں جو ان کو سونپا گیا ہے ، نگران وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائر دوست محمد خان فضل الرحمن اور اکرم درانی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ بعدازاں مونسپل سٹیڈیم جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کپتان نے کہاکہ ہم نے 25 جولائی کو نوازشریف اور زرداری سے جان چھڑانی ہے ، صرف بلے پر مہر لگاکر ملک سے لوٹ مار کا نظا م ختم کرنا ہے ۔عمران نے خیبرپختونخوا کے عوام کے نام جاری کردہ ویڈیو پیغام میں انہیں انتخابات میں بھرپورشرکت کرنے کی تاکید کی، عمران خان نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی حلقہ این اے 54 سے پارٹی امیدوار اسد عمر کو کامیاب بنانے کے لئے اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے کارکنوں کی متحرک رہنے کی ہدایت کی اس طرح انہوں نے این اے 61 میں ووٹرز خصوصی پیغام میں عامر کیانی کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔قبل ازیں عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کے دوران مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما اجمل وزیر اور سابق وزیر اعظم محمد خان جونیجو کی صاحبزادی فضہ جونیجو نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔دریں اثنا آستانہ عالیہ سیال شریف کے خواجہ صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی اورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔