اسلام آباد / کراچی (لیڈی رپورٹر،صباح نیوز) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کرشنا جنم دن کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کردیا، پاکستانی ہندو کمیونٹی کے زیراہتمام تقریبات میں وزیر اعظم عمران خان بھی شرکت کریں گے ۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر رمیش کمار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی غرور و تکبر ترک کرکے کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کی تلقین کردی۔انہوں نے مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا بھارت مقبوضہ وادی میں مسلمانوں پر مظالم کی انتہا کررہا ہے جبکہ پاکستان میں ہندووں کو مذہبی آزادی حاصل ہے ، انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی پر بھی سخت رنج و غم کا اظہار کیااور کہا عالمی برادری اس حوالے سے بھرپور کردار ادا کرے ۔آج صادق آباد میں ہزاروں محب وطن پاکستانی ہندو کرشنا جنم دن کا مقدس تہوار مناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کیلئے خصوصی پراتھنا، دعائیں بھی مانگیں گے ۔