لاہور،سلانوالی(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار )امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نوازشریف اور ان کے حواری شیخ مجیب کا کردارادا کر رہے ہیں،وطن کیخلاف سازشیںکرنے والوں کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میں خطبہ جمعہ اور بعد ازاں حلقہ این اے 125کے ووٹرز اور عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ ہم ایک مشن لے کر میدان میں آئے ہیں۔وسائل کی کمی کے باوجود میدان میں کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انڈیا نے حکمرانوں کی کمزور پالیسیوں سے بہت فائدے اٹھائے ہیں۔ وہ پریشان ہے کہ یہ لوگ سیاست میں رہیں گے تو ان کی مداخلت کے راستے بند ہو جائیں گے ۔ آج کرپشن کی باتیں تو بہت کی جاتی ہیں لیکن اسے ختم کرنے کا کسی کے پاس کوئی پروگرام نہیں ہے ۔سلانوالی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہاکہ قومی الیکشن کے موقع پر شیخ مجیب الرحمٰن نے پاک فوج کے خلاف محاذ کھڑا کیا ہوا تھا جس سے پاکستان دو لخت ہوگیا ،اب 2018کے الیکشن میں وہی کردار نواز شریف اور ان کے حواری انجام دے رہے ہیں بہت سے سیاست دان قومی مجرم ہیں جنہو ں نے مال و دولت کی خاطر ملک میں ڈیمز نہیں بننے دیے حلقہ این اے 91کے انتخابی نتائج پرپاکستان نہیں امریکہ ،اسرائیل اور انڈیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔