اسلام آباد (خبرنگار خصوصی؍سٹاف رپورٹر؍ 92 نیوزرپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف نے عید کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا، اسحاق ڈار ان سے پہلے پاکستان پہنچیں گے ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف عیدالفطر کے فوری بعد وطن واپس آ کر اپنے خلاف بنائے گئے مقدمات کا سامنا اور تاحیات نااہلی ختم کرانے کے لئے قانونی چارہ جوئی کریں گے ،وطن واپسی سے قبل میاں نوازشریف عمرہ کرنے کے لئے سعودی عرب بھی جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی تجدید کی جائے جس پر وزارت داخلہ نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو پاسپورٹ کی تجدید کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دے دی ۔ذرائع کے مطابق نوازشریف اوراسحاق ڈارپاکستان ہائی کمیشن لندن سے پاسپورٹ کی تجدیدکرائینگے ،دونوں رمضان المبارک کاآخری عشرہ سعودی عرب میں گزاریں گے ،نوازشریف سعودی عرب سے ہی پاکستان آنے کااعلان کرینگے ،مریم نوازبھی آئندہ چندروزمیں والدنوازشریف سے ملنے لندن جاسکتی ہیں۔