لاہور(نیوز ایجنسیاں)پلیٹ لیٹس کی تعداد انتہائی کم ہونے کی وجہ سے سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف کی طبیعت بدستور تشویشناک ہے ،ڈاکٹروں کی جانب سے بیرون ملک ہوائی سفر کیلئے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لئے سٹیرائیڈز دئیے گئے ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کا ان کی رہائشگاہ جاتی عمرہ میں علاج معالجہ جاری ہے ۔ گزشتہ روز پلیٹ لیٹس کی تعداد کم ہونے کے ساتھ ان کا بلڈ پریشر اورشوگرزیادہ رہی ۔ میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز بھی مریم نواز سے تفصیلی مشاورت کی ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے لئے لندن میں ڈاکٹروں سے دوبارہ کل کی اپوائنمنٹ لے لی گئی ہے ۔ ڈاکٹروں کی جانب سے نواز شریف کو ہوائی سفر کے دوران ممکنہ پیش آنے والی مشکلات کے تدارک کے لئے مشاورت جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان نے نواز شریف کے سفر اوربیرون ملک علاج کے لئے قیام کے پیش نظر ان کے لئے تمام ضروری سامان کی پیکنگ کر لی ہے ۔دریں اثناء سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کو بہتر علاج کے لیے باہر جانے کا مشورہ دیا گیا، اس میں تاخیر سے ان کی صحت مزید بگڑ سکتی ہے ۔ڈاکٹر عدنان نے ایک بیان میں کہا کہ وہ کابینہ کی سب کمیٹی میں پیش ہوئے اور سابق وزیراعظم کی صحت کی صورت حال سے آگاہ کیا۔