اسلام آباد( سید نوید جمال؍سپیشل رپورٹر)سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کیلئے باہر جانے کی اجازت دینے کے فیصلے کی کئی حکومتی وزرا نے مخالفت کی۔ذرائع نے کہاکہ جن وزرا نے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کی مخالفت کی، ان میں فواد چودھری، علی امین گنڈا پور، فیصل واوڈا، شیریں مزاری ،علی زیدی اور مراد سعید کا نام بھی آرہا ہے جبکہ شیخ رشید احمد نے نواز شریف کے باہر جانے کی حمایت کی،ایم کیو ایم، ق لیگ کی جانب سے بھی نوازشریف کے باہر جانے کی حمایت کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے مشیر خزانہ کے ٹماٹروں کی قیمت کے بارے میں بیان کا بھی نوٹس لیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایک جانب عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، دو سری جانب حکومت کی جانب سے ایسے بیانات مناسب نہیں ۔ اس موقع پر وزیر توانائی غلام سرور خان نے بتایا کہ وہ مٹر کے کاشتکار ہیں ، ان کی جانب سے مٹر مڈل مین کو 5 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جاتا ہے جو بازار میں 100 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہوتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ٹماٹر ، پیاز کی قلت کا سختی سے نوٹس لیا گیا اور اس صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا ۔