لاہور (سٹاف رپورٹر)تحریک لبیک یارسول اﷲ ﷺ اور تحریک لبیک اسلام کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا نگران حکومت اپنے وزراء کو عقیدۂ ختمِ نبوت کے خلاف محاذ آرائی سے باز رکھے ورنہ قوم ان کے خلاف کھڑی ہو جائے گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا ختمِ نبوت کے بارے میں فیصلہ قرآن اور قوم کی آواز ہے نگران حکومت کا کام شفاف انتخابات کروانا ہے نہ کہ قوم کے مقدس جذبات پر حملہ کرناہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ جہاں بلوچستان سمیت ملک کے طول و عرض میں تحریک لبیک اسلام کی طرف سے 102 مضبوط امیدوار کھڑے کیے ہیں اور ان کی کمپین چلارہے ہیں وہاں دنیا بھر کے علماء و مشائخ اور عوام اہل سنت کی رائے کا احترام کرتے ہوئے اتحادِ اہل سنت اور خیر سگالی کے جذبے سے تنظیماتِ اہل سنت کے قائدین اور سنی علماء و مشائخ کے حلقوں میں ان کی حمایت کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔