لاہور(شوبز ڈیسک) سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے کہا ہے کہ پڑھے لکھے لڑکے اور لڑکیوں کا شوبز انڈسٹری میں آنا خوش آئند ہے ، اگر ہمیں کامیابی کے لئے ماضی سے کچھ اچھا ملتا ہے تو اسے اپنانا چاہیے ،ایک وقت وہ بھی تھا جب شا م کے وقت ٹی وی ڈرامہ لگتا تھا تو گلیاں سنسان ہو جایا کرتی تھیں ۔ ایک انٹر ویو میں ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ نئے آنے والے فنکار اچھا کام کر رہے ہیں اور بظاہر ڈرامہ انڈسٹری درست سمت میں گامزن ہے ۔تاہم ہمیں اپنے اسکرپٹس کا رخ تبدیل کرنے اور کہانی کو اپنے معاشرے کے مسائل کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے ۔ نوجوان نسل کو اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند کرنا ہوگا ۔