کراچی( کامرس رپورٹر ،این این آئی) پاکستان سٹیٹ آئل نے اربوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر آئی پی پیز کو فرنس آئل کی سپلائی بند کر دی ، صرف 4 دن کا سٹاک رہ گیا۔ ذرائع کے مطابق فرنس آئل کی سپلائی معطل ہونے سے 4265 میگاواٹ بجلی سسٹم سے آئوٹ ہونے کا خدشہ ہے ۔رمضان المبار ک میں بجلی کی بلا تعطل سپلائی جاری رکھنے کیلئے وزارت توانائی نے سر جوڑ لیے ۔ ڈی جی آئل نے وزارت توانائی کو 25 ارب روپے کے واجبات 16 اپریل تک جاری کرنے کیلئے باضابطہ خط لکھ دیا ہے ۔دریں اثنا ریلوے حکام کے مطابق محکمہ ریلوے لاہور ڈویژن کے پاس صرف ایک روز کا ڈیزل رہ گیا ہے ۔ ریلوے ذرائع کے مطابق پی ایس او کو دیے گئے تینوں چیک بائونس ہوگئے جس کی وجہ سے پی ایس او کی جانب سے لاہور ڈویژن کو ڈیزل کی سپلائی نہیں کی گئی ۔ ڈیزل کی سپلائی بروقت نہ ملنے سے سکھ سپیشل ٹرینیں بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔