ملتان (سپیشل رپورٹر؍ سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ، حالیہ بارشوں اور سیلابی تباہ کاریوں کے باوجود ہماری حکومت معاشی بحران کے خاتمے کیلئے بہتر کوشش کر رہی ہے ، لیگی لیڈرشپ نے منی لانڈرنگ اور کرپشن کی، ملک سے اربوں روپے کا زرمبادلہ لوٹ کر پاکستان سے باہر لے گئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ضلعی صدر خالد جاوید وڑائچ ، غلام جیلانی آفتاب ودیگر سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ نواز شریف پر منی لانڈرنگ ، کرپشن جیسے سنگین نوعیت کے کیسز ہیں اور وہ بیماری کا بہانہ بنا کر 4 ہفتوں کیلئے باہر گئے تھے ،نواز شریف گزشتہ 8ماہ میں ایک مرتبہ بھی ڈسپنسری تک چل کر نہیں گئے اور علاج کے بجائے لندن بیٹھ کر سیاست کر رہے ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا آج وقت کا تقاضا ہے کہ نواز شریف واپس آئیں اور قانون کا سامنا کریں، اپوزیشن جماعتیں عمران خان اور اس کی حکومت کی ضرور مخالفت کریں لیکن ملکی مفاد کیلئے حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے ایک قوم بن جائیں ۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ نے ممبر قومی اسمبلی و چیف وہپ عامر ڈوگر اور چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ ،سی ای او میپکو محسن رضا خان کے ہمراہ سرکٹ ہاؤس میں پودا لگایا۔