ملتان (فضیل سہو سے )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان دوروز قبل لاہورمیں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے ۔ملاقات میں وزیر خارجہ نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے پیش کی گئی چائے اور پانی پینے سے بھی انکار کر دیا اور ناراضگی کا اظہار کر ڈالا۔ پی ٹی آئی کے رہنما رانا عبدالجبار کو ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹائے جانے پر خفا بھی ہوئے ۔ ملاقات میں گلے شکوے کئے کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے تو کام کئے جا رہے ہیں، ملتان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں ملتان سے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر، ارکان صوبائی اسمبلی سبین گل ،پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی، معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری کے علاوہ رانا عبدالجبار بھی موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے چیئرمین ایم ڈی اے کو ہٹائے جانے کا سبب بننے والی درخواست بھی سامنے لائی گئی، اس درخواست پر سی ایم آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے تحقیقات کرائی گئی تھیں ، درخواست میں مبینہ کرپشن، بے ضابطگیوں کے الزامات ہیں۔ اس موقع پر وفد نے موقف اختیار کیا کہ درخواست میں تورانا عبدالجبار کا نام ہی نہیں ، ملاقات میں ترقیاتی کام بھی زیر بحث رہے ۔ رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے تو یہ بھی کہہ دیا کہ کیا ہم بھی بلوچی چپل، بلوچی شلوار قمیض پہن کر آئیں تو ہماری سنی جائے گی۔