لاہور(جنرل رپورٹر) ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر آج ایکسپو سینٹر لاہور میں دستخط کیے گئے ۔ سید جنید امام ممبر (آئی ٹی) وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ بدر خوشنود چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان اور عثمان ناصر منیجنگ ڈائریکٹر پی ایس ای بی نے ایم او یو پر دستخط کیے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے دونوں اداروں کو اس تاریخی ایم او یو پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت کام کرنے والے شعبہ جات کے طور پر آئی ٹی انڈسٹری اور اساتذہ کی بہتری کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔