اسلام آباد ، راولپنڈی ( خصوصی نیوزرپورٹر،اپنے رپورٹر سے ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں،پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے ،متعصب بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر تلی ہوئی ہے ،اقوام متحدہ، عالمی برادری مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی بربریت کا نوٹس لے ۔گزشتہ روز صحافی تنظیموں کی کشمیری عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی ریلی سے خطاب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم قانونی، سیاسی اور سفارتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ، مودی جان لے کہ فتح ہمیشہ حق سچ کی ہوتی ہے تمہار ے جھوٹے بیانیے کی ایک نہیں چلنے دینگے ۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت انتہاپسند ہندوتنظیم کے نازی نظریئے پر عمل پیرا ہے ،کشمیر ریلی سے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم مزید بے نقاب ہونگے ، پاکستان مظلوم کشمیریوں کی موثر آواز بن کر عالمی سطح پر ہر فورم پر جانے کیلئے پرعزم ہے ۔دریں اثناراولپنڈی چیمبرآف کامرس اورٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے جیمز اینڈ جیولری کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگومیں فردوس عاشق نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا، شہریوں کو خوراک وادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے ،کشمیر کاز کیلئے ہم سب کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ کاروباری برادری عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو بے نقاب کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے ۔ فردوس عاشق نے مزید کہا جیمز اینڈ جیولری کے شعبہ میں خواتین کی شمولیت اور انہیں بااختیار بنانے میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اورٹی ڈی اے پی کا کردار قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے قیمتی پتھروں اور معدنی ذخائر سے مالا مال علاقے ہیں، ٹیکنالوجی کی منتقلی سے ان نوادرات کو ضائع ہونے سے بچا کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے ۔تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا اور غیر ملکی سینئر سفارتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔