اسلام آباد، کابل ( نیٹ نیوز، آن لائن ) افغانستان میں خوراک کی کمی کے تناظر میں اقوام متحدہ نے پاکستان سے مدد طلب کرلی، اقوام متحدہ فوڈ پروگرام کے تحت افغانستان میں فوڈ سپلائی کے لئے پاکستان کی معاونت چاہتا ہے ، پاکستان نے اس کی اجازت دے دی ہے ، پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی بھر پور معاونت کی یقین دہانی کرادی ، عالمی ادارہ خوراک افغانستان میں آپریشن کے لئے پاکستان کے ایئرپورٹس کا استعمال کرے گا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اقوام متحدہ کو آپریشن کرنے کی مشروط اجازت دے دی ۔امدادی پرواز میں فوجی سامان لے جانا منع ہوگا، کسی قسم کا اسلحہ اور کیمیکل پرواز میں نہیں جائے گا، جو سامان جائے گا اس کی تفصیلات دینا ہوگی، عالمی ادارہ خوراک کو اس آپریشن کی فیس ادا کرنا ہوگی۔ کابل خوراک پہنچانے کے لئے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال ہوگا اور اس کے لئے اسلام آباد اور پشاور کے ائیر پورٹس کو استعمال کیا جائے گا ،دو افراد پر مشتمل پرواز اسلام آباد سے روزانہ کابل کے لئے روانہ ہوگی، اور ایم 18 ہیلی کاپٹر کے ذریعے 6 افراد پشاور سے خوراک لے کر کابل جائیں گے ۔دریں اثنا افغانستان میں موجود یورپی یونین کے امدادی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں خوراک کے ذخائر ختم ہو رہے ہیں، یہ اطلاع افغانستان کے اندر موجود یورپی سول پروٹیکشن اینڈ ہیومینیٹیرین ایڈ آپریشنز کی جانب سے دی گئی جسے پاکستان میں موجود یورپین یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے آگے بڑھایا ہے ۔ ادارہ کے مطابق صحت کی دیکھ بھال سے متعلق اشیا اور سہولتیں بھی تباہی کے دہانے پر ہیں۔