فیصل آباد(راناافتخارخاں) پنجاب حکومت نے تمام اضلاع میں ضلعی سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ضلعی سیکرٹریٹ میں تمام صوبائی محکموں کے دفاتر بنائے جائیں گے ۔ ضلعی سیکرٹریٹ کے قیام سے پنجاب حکومت کو کرایہ کی عمارتوں کی مد میں سالانہ 3ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی۔ اس سلسلہ میں سمری تیار کی جارہی ہے اور تمام صوبائی محکموں سے لاہور سمیت تمام اضلاع میں موجود سرکاری اور کرایہ پر حاصل کردہ عمارات کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔ ضلعی سیکرٹریٹ بنانے کا کام مرحلہ وار تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔ ہر سال 12، 12 اضلاع میں ضلعی سیکرٹریٹ بنانے کی تجویز ہے ۔ سب سے پہلے لاہور میں اس منصوبہ پر کام ہوگا ۔ جس کے بعد پہلے مرحلہ میں فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ساہیوال، ملتان، لودھراں، خانیوال، وہاڑی، اوکاڑہ، نارووال اور میانوالی میں منصوبہ پر عملدرآمد ہوگا۔اس منصوبہ پر مجموعی لاگت کا تخمینہ ایک کھرب روپے سے زائد ہے ۔