لاہور(خصوصی رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے انتخابی مہم اورپولنگ ڈے پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائینگے اورسرکردہ سیاسی رہنماؤں کو باکس سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں ساہیوال ،سرگودھا اورفیصل آباد ڈویژن کے کمشنرز اورآر پی اوزکے اجلاس میں عام انتخابات کے انتظامات اورامن وامان کی صورتحال کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران انتخابی عمل کو مکمل طو رپر شفاف ، غیرجانبدار اور منصفانہ بنانے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاتینوں ڈویژنوں میں قائم 14ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکانزم تشکیل دیا گیاہے اورسی سی ٹی وی کے ذریعے کلوز مانیٹرنگ کی جائے گی، الیکشن ڈے یاانتخابی مہم کے دوران ہوائی فائرنگ اورآتشبازی قطعاً برداشت نہیں کی جائیگی اورشکایت پر بلاامتیاز اورفوری کارروائی کی جائے گی،الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق ہوائی فائرنگ اورآتشبازی پر زیروٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جا ری ہے ۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاپولنگ سٹیشنزپر ووٹرز اورعملے کی سہولت کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں، متعلقہ افسران پولنگ سٹیشنز کا دورہ کر کے سہولتوں کا جائزہ لیں اورانتظامات کوممکنہ حد تک بہتر بنانے کی کوشش کریں،پولنگ ڈے پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی ضروری امر ہے ، صوبہ بھر کے افسران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا غیر جانبدارانہ مظاہرہ کریں اورالیکشن جیسی قومی خدمت میں حصہ بٹائیں۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے زمبابوے کے خلاف تیسرا میچ اور ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاقومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہر شعبہ میں زمبابوے کو آؤٹ کلاس کر دیا۔