راولپنڈی(آن لائن )پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 31 واں اجلاس چئیرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ زیربحث آیا۔ بورڈز آف گورنرز کے اجلاس میں چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے بورڈ کے نومنتخب ممبران کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق امور کو بڑھانے کے لئے اجتماعی نقطہ نظر اپنایا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹیو جہانزیب برانہ نے بورڈز آف گورنرز کے ممبران کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے متعلق مختلف پراجیکٹ کے متعلق بریفنگ دی ۔اس موقع پر معزز ممبران نے مختلف پراجیکٹ کے متعلق تجاویز بھی پیش کی۔ اجلاس میں صوبہ کے لئے سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے والے ادارے کی حیثیت سے پی بی آئی ٹی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا ، تمام ممبران نے اس بات پر مکمل اتفاق رائے کیا کہ پی بی آئی ٹی کو اپنے بنیادی مینڈیٹ کی فراہمی کے لئے اپنی صلاحیت کو استوار کرنا ہوگا اور مقامی کاروبار کرنے والی کاروباری شخصیات کی حوصلہ افزائی اور ان کو درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنا ہوگا۔