کراچی(سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات، رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، مشترکہ اپوزیشن کے ساتھ پارلیمان کے اندر حکومت کے خلاف کام کریں گے ، کلفٹن میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کی حرکتوں سے لگتا ہے ان میں تربیت اور اخلاقیات کی کمی ہے ، حکومت لوگوں پر ٹیکس بڑھا رہی ہے ، پیٹرول پر 27 اور ڈیزل پر 30 روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا جارہا ہے جبکہ دنیا میں تیل کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے ، انہوں نے این اے 133 میں ضمنی انتخابات پر کہا کہ انتخابات میں ہمارے ووٹرز کیلئے کافی دشواریاں پیدا کی گئیں، حراساں کیا گیا، سندھی ثقافتی دن پر ان کا کہنا تھا کہ جو معاشرے اپنی ثقافت کو یاد رکھتے ہیں وہ زنداں قوم ہے ، شہید بے نظیر بھٹو اپنے لباس میں روایتی ثقافتی ڈریس اور اجرک کو شامل کرتی تھی، انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا دعویٰ کرنے والے بتائیں عوام کو کتنی نوکریاں دیں، اس موقع پر قومی اسمبلی کے رکن قادر پٹیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کی زوال پذیر حکومت ہے ، جو عوام کے فائدے کیلئے کوئی بھی کام نہیں کررہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومت یہ بتائے کہ کتنے ترقیاتی منصوبے سندھ کو دیئے ، کراچی سکھر موٹر وے پر ابھی تک کام شروع نہیں کیا گیا کیوں کہ پی ٹی آئی کی ترجیحات میں سندھ شامل ہی نہیں۔