لاہور( کامرس ڈیسک) پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے اطالوی ترقیاتی تعاون کے ادارے اور اٹلی کے لیوس بزنس اسکول کے اشتراک سے نوجوانوں میں تعلیم، صحت اور غذائیت سے متعلق بنیادی آگہی بڑھانے اور سیکھنے کے نئے مواقع کی فراہمی سے متعلق تربیتی سیشنز کا آغاز کیا ہے ۔ اس سرگرمی میں اطالوی حکومت کے مالی تعاون کی بدولت خیبرپختونخوا، بلوچستان اور فاٹا میں پی پی اے ایف کے پروگرام فار پاورٹی ریڈکشن سے مقامی افراد مستفید ہوں گے ۔ اس ضمن میں پہلی تربیتی سرگرمی کا آغاز پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (پی سی آر ڈبلیو آر) میں کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان میں اطالوی ترقیاتی تعاون کی ڈائریکٹر ایمانیولا بینی، پی پی اے ایف کی ہیڈ آف پروگرامز سیمی کمال اور پی سی آر ڈبلیو آر کے سربراہ محمد اشرف نے شرکت کی۔ ایمانیولا بینی نے پی پی اے ایف کی تخفیف غربت کے خاتمے کے لئے کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی اے ایف کی ہیڈ آف پروگرامز سیمی کمال نے کہا کہ تربیت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ معیاری طریقے تلاش کرکے انہیں غربت کے خاتمہ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے استعمال کیا جائے ۔