اسلام آباد،لاہور،کراچی (سپیشل رپورٹر ،نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں )پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے ،ریلیاں نکالیں اور دھرنے دئیے جن میں رہنمائوں ، کارکنوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی اور وفاقی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے وزیراعظم سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ،چیئرمین پی پی بلاول نے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میری اپیل پر عوام نے ملک بھر میں مظاہرے کرکے حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنادیا، عوام عمران کے ساتھ کھڑے نہیں ہیں ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں مہنگائی مارچ نکالا گیا ،پی وائی او،لیڈیزونگ،وکلاونگ سمیت شہر کے کونے کونے سے جیالے امڈ آئے ،ریلی سوا 4بجے پریس کلب سے چیئرنگ کراس تک ریلی نکا لی گئی ۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری اسلم گل نے کہا کہ حکومت کیخلاف نقارہ بجنے والا ہے ،جیالو اکٹھے ہو جاؤ،حکومت کو گھر بھیج کر دم لینگے ۔اس موقع پر ثمینہ گھرکی،حاجی عزیز الرحمنٰ چن،فیصل میر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ اسلام آباد میں مظاہرے کی قیادت سید نیر حسین بخاری نے کی۔ کراچی میں پیپلزپارٹی نے مظاہرہ کیا جس میں سند ھ کے وزرا نے وفاقی حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ سعید غنی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوچھتے ہیں کہ گندم کہاں گئی آپ کے چور وزیراعظم کو پتہ ہے گندم کہاں گئی ۔ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور اس کے ترجمان غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں کرتے ۔ پیپلزپارٹی حیدرآبا د نے بائی پاس کے قریب دھرنا دیا اور احتجاج کیا گیا۔ نثار احمد کھوڑو، مولابخش چانڈیو اور دیگر نے خطاب کیا ۔ احتجاج کے باعث سپرہائی وے اور قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں ۔ خورشید شاہ نے سکھر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے بھی کوئی کوتاہیاں اور گناہ ہوئے کہ عمران خان کی صورت میں ہم پر عذاب نازل ہوا ۔ شیخوپورہ میں بھی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا جس کی صدارت چودھری خالق عزیز ورک نے کی ۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان کو عوامی حمایت کے بغیر وزیراعظم رہنے کا کوئی حق نہیں ، عوامی مظاہرے حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہیں ۔ بلاول نے پیپلز ویمن ونگ کے اجلاس میں این اے 133 میں پی پی پی شعبہ خواتین کے متحرک کردار کو سراہا ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن پنجاب ، کلچرل، میڈیکل، سٹڈی سرکل، علما سمیت پی پی پی پنجاب کے مختلف شعبوں ،تنظیموں کے اجلاسوں کی بھی صدارت کی ۔لاڑکانہ سمیت سندھ بھر اور فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا اور دیگر شہروں میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے مظاہر ے کئے ۔ نیر بخاری نے بیان میں کہا کہ اب آصف زرداری کو گیارہ سال قید رکھنے والوں کو سزاوار ہونا ہوگا ۔شیری رحمان نے کہا کہ آصف زرداری پر بغیر ثبوت ریفرنس بنائے گئے ۔شازیہ مری نے کہا کہ وزیر اعظم جھوٹوں کے سردار ہی نہیں، پگ دار بھی ہیں۔