اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے پاک چین تعلقات کو کوئی بیرونی خطرہ نہیں ۔سی پیک کے تمام پراجیکٹ کامیاب ہوں گے اور مقررہ وقت پر پایہ تکمیل کو پہنچیں گے ۔ وزیر داخلہ اعجازاحمد شاہ کی چینی سفیر یائو جنگ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں چین اور پاکستان کے باہمی تعلقات اور سکیورٹی کے معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔ ترجمان کے مطابق چینی سفیر کا کہنا تھا خطے کے امن کیلئے پاکستان کی کوششیں نہ صرف قابل تعریف ہیں بلکہ ناقابل فراموش بھی ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا خطے کا امن صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ عالمی امن کیلئے بھی بے حد ضروری ہے اور اس کیلئے ہم اپنا کردار بخوبی نبھا رہے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا چینی وزیر داخلہ عنقریب پاکستان کا دورہ کریں گے ، ہم یہ امید کرتے ہیں باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے یہ دورہ بے حد مثبت کردار ادا کرے گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا پاک چین دوستی وقت کیساتھ مستحکم ہوئی ہے اور ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔ پاکستان اور چین کے تعلقات کو کوئی بیرونی خطرہ نہیں ۔سی پیک کے تمام پراجیکٹ کامیاب ہوں گے اور اپنے مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچیں گے ۔ سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے ۔چینی سفیر نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو دورہ چین کی دعوت دی ۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر کو برطانوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کرکٹ کا کھیل پاکستانی عوام کے دلوں کے بے حد قریب ہے ۔ ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے نئے ہائی کمشنر سے ملاقات کے دوران انہیں پاکستان آنے پر خوش آمدید کہا۔ ہائی کمشنر نے کہا برطانیہ کیلئے پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کی بہتری بے حد اہمیت کی حامل ہے ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کرکٹ کے ذریعے دو طرفہ وابستگی دونوں ملکوں کو قریب رکھتی ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا برطانیہ کی ٹیم کو پاکستان لانے پر غور کیا جائے ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا اگر میں یہ کر سکوں تو میرے لئے نہایت اعزاز کی بات ہو گی۔