لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدات کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں کورونا سے پیدا صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس کے پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق مختلف اداروں کو کھولنے کے لئے وفاق کو سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں ماسک کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں ایس او پیز کے تحت ایک ہزا رلیڈی ڈاکٹرز کے انٹرویوزکی اجازت دے دی۔ کمیشن ایس او پیزپر عملدرآمد کو یقینی بنا کر تحریری امتحان اور انٹرویوز لے سکے گاتاہم این سی او سی کو فیصلے سے آگاہ کیاجائے گا۔اجلاس میں طے کیا گیاکہ مقامی طو رپر وینٹی لیٹر اور ریسپیریٹرکی تیاری کی اجازت کے لئے ڈریپ سے رجوع کیاجائے گا۔پارکس کھولنے اورتجارتی اداروں کے نئے اوقات کار اور 2دن تعطیل کا فیصلہ این سی او سی کرے گا۔لاہور کے میو اورجناح ہسپتال میں پلازما ڈونرز کی فہرستوں کی تیاری شروع کر دی گئی۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ پنجاب میں 2لاکھ 28ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔صوبہ میں کورونا مریضوں کے لئے مختص ایک ہزار سے زائد بیڈ ابھی خالی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہاکہ وفاق سے 1500 وینٹی لیٹر فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور،سیاسی اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا وبا کے باعث طرز زندگی بدل گیا ہے ۔معمولات زندگی میں تبدیلی وقت کا تقاضہ ہے ۔ سماجی طرز عمل میں تبدیلی کیلئے نئے قوانین متعارف کرانا ہوں گے ۔پنجاب حکومت امتناع وبا آرڈیننس متعارف کراچکی ہے ۔عثمان بزدارنے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما اور ممتاز عالم دین مولانا عبدالرشیدراشد ہزاروی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ نے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیرریلویز شیخ رشید احمدنے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، عمومی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ عثمان بزدار نے فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3افراد کے جاں بحق ہونے پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کمشنر فیصل آباد سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے ۔