لاہور(اپنے رپورٹر سے ) ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سمیراحمد سید نے بتایا ہے کہ شہریوں کے کام کم سے کم وقت میں با آسانی انجام دینے کیلئے مختلف طریقہ ہائے کارکو آسان بنایا جا رہاہے ۔شہریوں سے غیر ضروری دستاویزات طلب نہیں کی جائیں گے اور عالمی بینک کے اصلاحاتی پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ امور آن لائن انجام دیئے جائیں گے ۔عمارتی نقشوں کی منظوری آسان بنانے کے لئے موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے جو جلد ہی گوگل پلے سٹور پر دستیاب ہو گی۔شہری نقشوں کی منظوری کی درخواست ایل ڈی اے کے رجسٹرڈ آرکیٹیکٹس یا ٹاؤن پلانر ز کے ذریعے جمع کرا سکیں گے جن کی سفارش پر48گھنٹے میں نقشہ منظور کر کے جاری کر دیاجائے گا۔ عمارتی نقشے کی منظوری کے مراحل19سے کم کر کے صرف9کئے جا رہے ہیں۔وہ ملاقات کے لئے آنے والے بورڈ آف انویسٹمنٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل فارینہ مظہر کو ورلڈ بینک کے ایز آف ڈوئنگ بزنس پروگرام کے حوالے سے ایل ڈی اے میں کی جانے والی اصلاحات سے آگاہ کر رہے تھے ۔ بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید نے فارینہ مظہر کو ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل کا دورہ بھی کرایا ۔