کراچی،حیدرآباد، نواب شاہ، سکھر(92 نیوز رپورٹ، سٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹ) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں سندھ بار کونسل کے سیکرٹری عرفان علی مہر کو قتل کر دیا گیا جس پر سندھ بھر میں وکلا سراپا احتجاج اور عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے مظاہرے کئے اور نعرے بازی بھی کی ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 نزد چیپل پلازہ کے قریب بدھ کی صبح 7 بجکر 54 منٹ پر موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے سندھ بار کونسل کے سیکرٹری 45 سالہ عرفان مہر کار نمبر بی جے بی 824 پر اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے ، جس وقت واقعہ پیش آیا، عرفان مہر بیٹی کو سکول چھوڑنے جارہے تھے ۔پولیس کے مطابق ملزمان نے عرفان پر کئی فائر کئے اور فرار ہوگئے ،30بور کے خول بھی ملے ہیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ۔گاڑی میں مقتول عرفان مہر کے ہمراہ ان کا بھتیجا بھی موجود تھا، جو معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔بعد ازں مقتول کی نماز جنازہ بعد نماز عصر گلشن اقبال بیت المکرم مسجد میں ادا کئے جانے کے بعد تدفین کیلئے آبائی شہر گڑھی یاسین شکارپور روانہ کیا گیا ۔ مظاہرے کے دوران وکلا نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی فوری جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے ۔