واشنگٹن ،راولپنڈی،اسلام آباد،فیصل آباد، کراچی( ندیم منظور سلہری سے ،نامہ نگارخصوصی،وقائع نگار، صباح نیوز)امریکہ اور متحدہ عرب امارات میں پھنسے سے 729 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ۔بیرون ملک سے واپس آنیوالوں کیلئے 48 گھنٹے قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی ایک خصوصی پرواز واشنگٹن کے ڈیلس ائیرپورٹ سے یہاں پھنسے ہوئے تقریباً دو سو کے قریب افراد کو لیکر اسلام آباد پہنچ گئی ، ائیرپورٹ پر پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اور دیگر سفارتی عملہ نے انہیں الوداع کہا، سفارتخانہ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں دیگر پانچ خصوصی پروازیں امریکہ کی مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے مزید پاکستانیوں کو وطن واپس لیکر جائیں گی، ایک خصوصی پرواز آج 150 پاکستانی ایکسچینج طلباء کو لیکر پاکستان روانہ ہو گی، اس موقع پر سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی حکومت اور سفارتخانہ کی اولین ترجیح ہے ۔مسافروں نے وطن واپس پہنچنے پر پی آئی اے کی خدمات کو سراہا۔دبئی سے دو پروازوں کے ذریعے مزید 385 مسافر فیصل آباد پہنچ گئے ، ابوظہبی سے مزید144 پاکستانی پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 8262سے کراچی پہنچے ۔ادھرحکومتی عدم دلچسپی کی وجہ سے پی آئی اے فلائٹ شیڈول لسٹ میں کرغیزستان شامل نہیں ہوسکا ۔ وائرس کی وجہ سے کرغیزستان میں دس ہزار پاکستانی لاک ڈائون کا شکار ہیں، ان میں سے 9 ہزار طلبا ہیں جو اپنے ہاسٹلز اور رہائش گاہوں میں بند ہیں۔دریں اثنا معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بیرون ملک سے وطن واپس آنیوالوں کا فوری ٹیسٹ ہوگا اور ٹیسٹ کیلئے 48گھنٹے انتظار کی شرط ختم کی جارہی ہے ، ٹیسٹ کے نتیجے کے بعد طبی ماہرین فیصلہ کرینگے کہ کون گھر جائیگا اور کون نہیں۔