واشنگٹن ( ندیم منظور سلہری سے ) ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکہ اپنا (APPNA) کے عہدیداران سے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین کرونا وائرس کے بچائو اور اسے روکنے کے لئے حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔ ویڈیو کانفرنس میں کرونا وائرس (COVID-19) کے وبائی مرض اور پاکستان پر اسکے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسد مجید خان نے کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور بحران سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں اور اقدامات سے آگاہ کیا ۔انہوں نے اپنا (APPNA) کووبائی امراض سے نمٹنے کے لئے پاکستان کو درکار سامان کی فہرست اور تفصیل سے بھی آگاہ کیا۔ اپنا (APPNA) کی قیادت بالخصوص صدر ڈاکٹر ناہید عثمانی اور دیگرنے سفیر اسد مجید کو اپنی تنظیم کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔اپنا کے عہدیداران نے بتایا کہ کرونا کے وبائی مرض پر ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جا چکی ہے جس نے بحران سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیے کام شروع کردیا ہے ۔ویڈیو کانفرنس کے دوران پاکستانی سفارتخانہ، قونصل خانوں اور اپنا (APPNA) کے مابین قریبی تعاون کو جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا گیا۔