اسلام آباد(92نیوز رپورٹ)تحریک انصاف حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں تعینات کئے گئے ایم ڈی عمرلودھی اور منظورنظرچیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ذوالقرنین علی خان مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کرپشن، بدانتظامی اور اقرباپروری کے باعث یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی سالانہ سیل 94ارب روپے سے کم ہوکر 10ارب روپے ہوگئی۔ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے 5 ارب روپے قرض لیا مگر پھربھی کارپوریشن میں کوئی بہتری نہ لائی جاسکی ۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے مختلف کمپنیوں کو 3 سال سے زائد واجب الادا 6 ارب روپے بھی ادا نہ کئے جاسکے جس کے باعث کئی فیکٹریاں دیوالیہ جبکہ سینکڑوں ملازمین بے روزگارہوچکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق 94ارب روپے سالانہ سیل کے حامل یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے سٹوروں کو قابل فروخت اشیا کی سپلائی انتہائی محدود کرکے بندش کی راہ ہموار کی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پشاور زون میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے 44، کراچی زون میں 14،ایبٹ آباد زون میں 12،سکھرزون میں 10 ،سرگودھا زون میں 31،سکھر 19،ملتان زون میں 36سٹورز بند کردئیے گئے ہیں۔ اسلام آباد زون میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے 26سٹورز بند کئے جاچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر2ہزارسٹورزبند کرنے کا پلان تیارکیا گیا ہے ۔سٹورزکی بندش سے 1200سے زائد ملازمین برطرف کئے گئے جبکہ مزید سٹوروں کی بندش سے 5ہزار ملازمین کا مستقبل مخدوش ہوچکا ہے ۔ یوٹیلٹی سٹورز میں بھاری مالی بے ضابطگیاں چھپانے کیلئے آڈیٹر جنرل کو مالی حساب تک رسائی دینے سے انکار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اکتوبر2018 ئمیں حکومت نے یوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن کے احتجاجی ملازمین سے معاہدہ کیا تھا کہ سٹورز بند کئے جائیں گے نہ ہی ملازمین برطرف ہونگے ۔ حکومت کے ذمہ واجب الادا 14ارب روپے بھی جلد جاری ہونگے تاہم حکومتی رکن کے قریبی دوست چیئرمین یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی خان 14ارب روپے حکومت سے جاری نہ کراسکے ۔ ذرائع کے مطابق ذوالقرنین علی خان نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سٹورز کی بندش کا سلسلہ شروع کرایا تاکہ نجکاری کی راہ ہموار کی جاسکے ۔ ادھر چیئرمین ایمپلائز یونین سید عارف شاہ نے 92 نیوز سے گفتگو میں کہا کہ تمام تر وعدوں اور دعووں کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے حالات بہتر نہیں ہوسکے ۔انتظامیہ سے 5 ارب روپے قرض کی تفصیلات مانگی ہیں تاکہ پتہ چل سکے کہ خطیر رقم کہاں خرچ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ غریب ملازمین کیساتھ ناانصافی کا سلسلہ جاری ہے جس کیخلاف عدالت سے رجوع کیا۔ غریب عوام کیلئے قائم کارپوریشن کو بند ہونے دینگے اور نہ ہی نجکاری کی اجازت دی جائیگی۔ موقف جاننے کیلئے ترجمان یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سردار محمد خان سے رابطہ نہ ہوسکا۔