اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، صباح نیوز) پائیکو کی دوسری جنرل کانفرنس کا اسلام آباد اعلامیہ جاری کردیا گیاجس میں کہا گیا ہے کہ فلسطین وکشمیر کے مظلوم عوام کیخلاف انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں پرتوجہ مرکوز کی جائے گی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت اوریکطرفہ اقتصادی پابندیوں،ماورائے قانون علاقائی دائرہ اختیار، سیاسی دباؤ پر اظہار افسوس کرتے ہیں، اقوام متحدہ کے چارٹر اوربین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کو حربوں کے طور پر استعمال کیا گیا، سیکرٹریٹ کیلئے بلا تاخیر عمومی فنڈ قائم کردیا گیا،2022 میں کابل میں پی اے ای سی او کی تیسری جنرل کانفرنس ہوگی ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو دو سال کیلئے تنظیم کا چئیرمین منتخب کرلیاگیا ۔اعلامیہ میں علاقائی تجارت و روابط کے فروغ کا اعلان کیا گیا ۔ پائیکوکی دوسری جنرل کانفرنس میں سربراہان اور سپیکرز پارلیمان نے اقتصادی تعاون تنظیم کے وسیع البنیاد اغراض کی حمایت کیلئے پائیکوکی اہمیت پر زور دیا ۔کانفرنس میں کووڈ19کے باعث ارتقا پذیر علاقائی اور عالمی صورتحالی پر غور کیا اور حسب ذیل پر اتفاق کیا گیا ۔پائیکوکے دائرکار میں تجارت، علاقائی روابط اوررکن ممالک کے عوام کے آپس میں رابطوں کو بڑھانے کے ضمن میں مزید تعاون کی ضرورت پر زوردینا،علاقائی تعاون اور یکجہتی کو یقینی بنانے کے ساتھ رکن ممالک اور ان پر مشتمل خطوں کے مابین تجارت میں اضافہ کرنے کے لئے بلاکس تشکیل دینے کیلئے انتظامات پر عمل درآمد،ان کو فعال اور مستحکم بنانے کے لئے بھرپور تعاون اور حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔اعلامیہ میں کہا گیاکووڈ19 کے بعد علاقائی معاشی بحالی میں اضافہ اورای سی او ٹی اے پر فوری عملدرآمد کے ذریعے خطہ کے مابین تجارت میں اضافہ کے لئے رکن ممالک کو فوری اقدامات کرنے کے لئے آمادہ کرنا ہے ،کاروباری افراداور سیاحوں کے لئے ویزا کے طریقہ کار کو سہل بنانا ہوگا جبکہ عوام تا عوام رابطے مضبوط کرنے ، ثقافتی تعاون اور علاقائی ترقی میں سیاحت کے اہم کردار کا ادراک کرناہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے خطاب میں کہاعلاقائی یکجہتی و ترقی کے لیے پارلیمانی شراکت کا فروغ ناگزیر ہے ۔تمام رکن ممالک نے اقوام متحدہ کی قرادادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل پر اتفاق کیااور مسئلہ فلسطین سے اپنی قلبی وابستگی کا اظہار کیا۔چیئرمین مجلس نمائندگان تاجکستان نے کانفرنس سے خطاب میں کہاتجارت کے فروغ کیلئے کسٹمز ایکسپورٹ ڈیوٹی ختم کی جائے ۔ ترک گرینڈ اسمبلی کے سپیکر نے کہاکانفرنس سے تجارت،علاقائی رابطوں اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔مجلس ترکمانستان کی چیئرپرسن نے ورچوئل خطاب میں کہاترکمانستان کی معیشت بیرونی سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے وسیع مواقع رکھتی ہے ۔ ا زبکستان اسمبلی کے سپیکر نے کہاای سی او کانفرنس خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوسکتی ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی سے تاجکستان کے ایوان نمائندگان کے سپیکر زوکر ذودہ محمد طاہر نے بھی ملاقات کی۔اسد قیصر نے کہا پاکستان اور تاجکستان ثقافت، تاریخ اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔تاجکستان کے سپیکر نے کہامسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پیکو ممالک کے مابین مشترک حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔