اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ لوگوں کو ہسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے حوالے سے تازہ ترین ڈیجیٹل معلومات دستیاب کی جائیں تا کہ وہ علاج کیلئے جگہ کا انتخاب خود کر سکیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی) کو بتایا گیا کہ ملکی ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے داخلے اور ہسپتال میں بیڈز اور وینٹی لیٹر ز کی کمی نہیں ،زیادہ تر مریض ہوم آئسولیشن کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ یکم جون کو این سی سی کے اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے جون کے مہینے کے لئے فیصلے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور اس میں مزید بہتری لائی جائے ۔ انہوں نے تمام صوبوں کو ہفتے کے روز تک اپنی تمام سفارشات این سی او سی کو پہنچانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، وزیراعظم کے معاون صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیر اعظم کے کورونا وائرس کے فو کل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان، کوآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمودا لزمان ، صوبائی چیف سیکرٹریز، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے نمائندگان سمیت اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔