اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کوروناوباکی آزمائش سے نکلنے کیلئے اللہ تعالی کے حضور زیادہ سے زیادہ دعائیں اور استغفار کرنے کی ضرورت ہے ۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ گزشتہ روز میڈیا کے نام اپنے جاری پیغام میں سپیکراسدقیصرنے کہا کہ مغربی میڈیا کی نسبت پاکستانی میڈیا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ذمہ دارانہ رپورٹنگ اورنامساعدحالات میں فرنٹ لائن پررپورٹنگ کی جو قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وباء سے حکومت، میڈیا اور عوام کے تعاون سے ہی نبرد آزما ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک اور قوم مشکل دور سے گزر رہے ہیں جس کا مقابلہ ہمیں بحیثیت قوم کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے جہاں ملکی معیشت کو دھچکا لگایا ہے وہاں میڈیا ورکرز پر بھی اس کا براہ راست اثر پڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کے معاشی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔