لاہور؍اسلام آباد؍ نیویارک (رپورٹنگ ٹیم؍ نیوز ایجنسیاں)پاکستان میں کورونا سے مزید 76افراد جاں بحق ہوگئے ، عوامی مقامات پر ماسک پہنا لازمی قرار دیدیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کورونا سے مزید 76 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 1441 ہوگئی جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد 68283 ہوگئی ،24131 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں گزشتہ روز 1140 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔اب تک پنجاب میں 24104، سندھ میں 27360، خیبرپختونخوا میں 9540، بلوچستان میں4193 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔پنجاب میں وائرس سے متاثر ہیلتھ پروفیشنلز کی تعداد 344 ہوگئی ہے ۔اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 2120 ہوگئی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وزارت داخلہ کو رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مریض 3 ہزار سے بڑھنے پر ہسپتال صورتحال سے نمٹ نہیں سکیں گے ۔راہوالی کے سابق ناظم شیخ غلام سرور ہاشمی کورونا کے باعث چل بسے ،آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔تحریک انصاف کے ایم این اے ،پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی ظہور قریشی، چیف وہپ ملک عامر ڈوگر،پی پی 35 سے مسلم لیگی ایم پی اے رانا عارف اقبال ہرناہ اہلیہ اور بچے ،نوشہرہ سے تحریک انصاف کے ایم پی اے میاں جمشید الدین کاکا خیل، ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی علی خورشیدی ، پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی الحاج رئیس نور احمد بھرگڑی کورونا کا شکار ہوگئے ، خود کو قرنطینہ کرلیا۔ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایک ڈاکٹر،ایک فارما سسٹ ، ایک نرس اور بائی پاس کے 4 مریضوں میں کورونا پازیٹو آ گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرپیرمحل مرحبانعمت بھی کورونامیں مبتلاہوگئیں۔پارہ چنار میں ایک ہی خاندان کے مکمل 19 افراد اور دوسرے خاندان کے 16 میں سے 14 افراد کورونا کا شکار ہوگئے ۔تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نے کہا ہے کہ مجھے کل رات سے بخار اور خشک کھانسی ہے ، امید ہے یہ کورونا نہیں ہوگا،مجھ سے ملاقات کرنے والے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کے لئے حکومت نے عوامی مقامات پر سرجیکل ماسک لازمی قرار دیدیا ، ماسک پہننے پر عملدرآمد کروایا جائے گا، یہ اب کسی کیلئے آپشن یا خواہش نہیں ہوگی، آنے والے دنوں میں اموات اور کیسز کی رفتار میں مزید تیزی کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا اب تک 60ممالک سے 33ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپس لاچکے ہیں ،یومیہ ایک ہزار پاکستانی واپس لارہے ہیں، یکم جون سے 10جون تک 20ہزار مسافر پاکستان آئیں گے ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں زیادہ پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جن میں اکثریت مزدور طبقہ ہے ، آئندہ 10 دنوں میں 4ہزار سعود ی عرب اور 8ہزار یو اے ای سے پھنسے ہوئے پاکستانی واپس لائیں گے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کی فضائی حدود یہاں سے باہر لیجانے کے لئے کھولی گئی ہے جو ائر لائن آنا چاہے ،خالی جہاز لیکر آئے اور غیر ملکیوں کو لیکر جاسکیں گے ۔انہوں نے بتایا افغانستان حکومت کی درخواست پر ضروری اشیاء کی نقل و حرکت کی اجازت دی گئی۔ادھر دنیا بھر میں مریض61 لاکھ سے بڑھ گئے ، اموات 3 لاکھ 70 ہزار ہوگئی ہیں۔ 2 ماہ سے بند مسجد نبویﷺ کو آج سے عام نمازیوں کے لئے کھول دیا جائیگا۔مسجد نبویﷺ کے امور کے سربراہ امام کعبہ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ مسجد نبوی کے قدیمی حصے کی بجائے نئے توسیعی حصے کو نمازیوں کے لئے کھولا جا رہا جبکہ نمازی نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد میں قیام نہیں کر سکیں گے بلکہ دوبارہ نماز کے لئے مسجد آئیں گے ،اس کے علاوہ نماز کے دوران 3 فٹ کا فاصلہ رکھنا بھی ضروری ہوگا۔مسجد اقصیٰ بھی آج کھل جائے گی۔ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پورے ملک کی مساجد کو نمازوں کیلئے کھولا جارہا ہے ۔یونان 2 ہفتے بعد 37 ممالک کے سیاحوں کیلئے اپنی سرحدیں کھول دے گا۔بھارت میں ملک گیرلاک ڈاوَن ختم کرنے کااعلان کردیاگیا۔