اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید68افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد23865ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.09فیصد رہی، 4455نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز 82076ہو گئے ،4282مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 2148مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 1087نئے کیس سامنے آگئے جبکہ لاہور کے 7سمیت صوبہ میں مزید22مریضوں کی جان چلی گئی۔ صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 5.3 رہی جبکہ لاہور میں 9.0 ،راولپنڈی میں 17.9 ریکارڈ کی گئی۔لاہور میں 471 ،راولپنڈی 236 ،فیصل آباد 34، شیخوپورہ 21 ،گوجرانوالہ 20اور قصورمیں 4 کیس رپورٹ ہوئے ۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم کے مطابق پنجاب میں ابتک کورونا کے 335079 مریض مکمل صحتیاب ہو چکے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا ہے اور 1373 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 198 مریض انتہائی تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر ز پر ہیں۔لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں367مریض زیر علاج ہیں۔سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر محمد عامر جان کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مزید181کورونامریض صحتیاب ہو گئے ۔ کورونا متاثرین کیلئے مختص 6340 بیڈز میں سے 4967 بیڈ خالی ہیں۔ لاہور میں 983 بیڈاور145وینٹی لیٹر خالی ہیں۔ادھر پاکپتن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتاق ٹوانہ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔رحیم یارخان میں 2ڈاکٹر سعد شیر اور محمد ندیم بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔کورونا کے باعث پیپلزپارٹی ضلع سجاول کے سیکرٹری اطلاعات،صحافی،شاعر،کمپیئرذوالفقارعلی سرویچ عرف سورج سجاولی زندگی کی بازی ہارگئے ،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور دیگر نے افسوس کا اظہار کیا جبکہ سندھی ادبی سنگت،نیشنل پریس کلب اورپیپلزپارٹی نے دن سوگ کا اعلان کیا ۔ پنجاب حکومت نے نئی پابندیوں میں ترمیم کر دی،چار ہائی رسک اضلاع لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں ان ڈور شادیوں پر پابندی کو گزشتہ روز ایک دن کیلئے موخرکیا گیا جو کہ اب آج سے 31 اگست تک نافذ ہوگی،تاہم آوٹ ڈور شادی تقریبات کی 400 افراد تک کیساتھ اجازتہو گی ۔ادھراین سی اوسی اور صوبائی حکومت کے مشترکہ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا لاک ڈاؤن ختم اور پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا گیا ۔سندھ بھرمیں 31 اگست تک کورونا ایس اوپیز کے تحت بعض پابندیاں برقراررہیں گی ۔محکمہ داخلہ سندھ کے نئے حکمنامہ میں سندھ بھر میں آج سے کورونا پابندیوں میں نرمی ہوگی ،تمام کاروبار، مارکیٹس شاپنگ مالز کوصبح 6 بجے سے رات 8بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔پٹرول پمپ،دودھ، ادویہ ، سبزی ،گوشت کی دکانوں پر اوقات کار کی پابندی نہیں ہوگی جبکہ ہفتے میں 2 دن جمعہ اور اتوار سیف ڈیز پر کاروباربند رہیگا،تعلیمی ادارے 19 اگست تک بند رہیں گے ، انٹر کے رہ جانیوالے امتحانات کل سے لئے جائینگے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ پر عائد پابندی اٹھالی گئی ، 50فیصد ویکسینیٹڈ لوگوں کو سفراور دفاتر میں کام کی اجازت ہو گی۔پبلک پارکس ایس او پیز کیساتھ کھلے رہیں گے ،پبلک مقامات پر ماسک لازمی ہوگا اورویکسین لگوانے والے افراد کو سیاحت کی اجازت ہوگی،ڈومیسٹک فلائٹس میں کھانے پر پابندی ہوگی۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں 43لاکھ5ہزار سے زائد ہو گئیں۔فرانس بھر میں سفر اور ہوٹلز میں داخلے کیلئے کورونا ہیلتھ پاس کی پابندی کیخلاف لاکھوں افراد نے احتجاج کیا۔ اٹلی میں بھی ویکسین پاس کیخلاف سینکڑوں افراد نے روم کی سڑکوں پر مارچ کیا۔ تھائی لینڈ میں کورونا پر حکومتی اقدامات کیخلاف پرتشدد احتجاج کیا گیا، پولیس سے جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ اسلام آباد،راولپنڈی ( رپورٹنگ ٹیم) کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی) کے 500 دن مکمل ہوگئے جبکہ صدر مملکت، وزیراعظم،آرمی چیف اوردیگر رہنمائوں نے کورونا کیخلاف جنگ میں این سی او سی کے کردار کی تعریف کی ہے ۔گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ این سی او سی کے کام اور ادارے کی تعریف کرنی چاہئے ۔ وزیر اعظم عمران خان کے قائم کردہ منفرد پلیٹ فارم نے یہ یقینی بنانے کی بہترین کوشش کی ہے کہ غریب کو مکمل لاک ڈاؤن کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ این سی او سی نے حیرت انگیز کام کیا اور ثابت کیا کہ سمارٹ پلاننگ میں پاکستان دیگر اقوام کیساتھ صف اول میں کھڑا ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا کہ کوروناکیخلاف ہماری حکمت عملی کو پوری دنیا نے سراہا۔ اللہ کے فضل سے پاکستان وبا کے بدترین اثرات سے محفوظ رہا۔ این سی او سی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے ہماری حکمت عملی کا مرکزی کردار ادا کیا۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیان میں کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کورونا کیخلاف پاکستان کے موثر ردعمل کیلئے ناگزیر ہے ۔ این سی اوسی نے قومی حکمت عملی کے تحت کورونا سے تحفظ کیلئے کاوشیں کیں،بہترین ردعمل سے قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 500 دن مکمل ہونے پر آرمی چیف نے این سی او سی کے کام، کارکردگی اور خدمات کی تعریف کی،ٹیم کی انتھک محنت اور خدمت کو قابل قدر قرار دیا اور مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بیان میں کہا کہ این سی او سی نے بہترین صلاحیت کیساتھ لاکھوں شہریوں کی زندگیوں کو بچایا جبکہ سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی نے عوام کو بے روزگاری سے بھی بچایا، پانچ سو دن مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اورسربراہ این سی او سی اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا کیخلاف خصوصی ٹیم کے 500 دن مکمل ہو گئے ۔ این سی او سی نے وبا کا مقابلہ کرنے پر دستاویزی فلم بنائی ہے جس میں قوم کی جانب سے کورونا کا مقابلہ کرنے سے متعلق تمام پہلو اجاگر کئے گئے ہیں۔اتوار کو این سی او سی کے 500 دن مکمل ہونے پر مبارکباد کے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کورونا سے نمٹنے کیلئے سائنسی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلے کئے ، حکومت نے سمارٹ لاک ڈائون کی ایک متوازن حکمت عملی اپنائی جس کا محور غریب اور دیہاڑی دار طبقہ تھا۔اگر ملک میں مکمل لاک ڈائون کردیا جاتا تو اس کے بھیانک نتائج مرتب ہوسکتے تھے ۔ آج این سی او سی کی کاوشوں کی بدولت پاکستان کورونا کی چوتھی لہر کا بھی کامیابی سے مقابلہ کر رہا ہے ، ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں اسد عمراور انکی ٹیم پر مشتمل این سی او سی کی بہترین فیصلہ سازی کورونا سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوئی، وبا سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی پیدا کی گئی۔