لاہور(اشرف مجید)تحریک انصاف کی حکومت کو بد نام کرنے کے ساتھ عوام میں موجودہ حکومت کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے لئے چیف ٹریفک آفیسر سمیت دیگر پولیس افسران نے گاڑیوں کو کم از کم جرمانہ 10 ہزار جبکہ موٹر سائیکل سوار کو کم از کم جرمانہ 2 ہزار کرنے کی تجویز بھیج دی ہے جس پر عمل درآمد کے لئے ڈی آئی جی آپریشن کی جانب سے سی سی پی او لاہور سے باقاعدہ اجازت طلب کر لی گئی جبکہ آئی جی پنجاب کو پہلے اعتماد میں لینے کی بجائے صرف آگاہ کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ کی جانب سے ہیلمٹ کے بغیر موٹر سایئکل چلانے والوں ،بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکل رکشوں کے خلاف سخت کارروائی کے حکم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سابق حکومت کے منظور نظر سی ٹی او لاہور ملک لیاقت نے عوام کی نظروں میں پنجاب حکومت کو بد نام کرنے کیلئے یہ تجویز دی ہے ۔ سی ٹی او نے ڈی آئی جی آپریشن کے ساتھ مل کر سی سی پی او لاہور سے اجازت طلب کر نے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی او لاہور کی جانب سے اپنے سٹاف کو مال روٹ پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو ایک ہزار سے دو ہزار روپے جرمانہ کرنے کی ہدایت کی گئی تو سرکل افسران اور وارڈنوں نے کہا کہ وہ اتنا زیادہ چالان نہیں کر سکتے ہیں کیونکہ بغیر کسی تحریری احکامات کے چالان کرنے سے عدالت میں انکے خلاف کیس چل سکتا ہے جبکہ ٹریفک چالان بک میں بھی کوئی کوڈ نہیں جس پر اتنا زیادہ جرمانہ کیا جائے جس پر سی ٹی او نے سی سی پی او لاہور کو مراسلہ نمبر 503551-54 ISB جاری کرتے ہوئے اجازت طلب کی ہے ۔