مکرمی !عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے مستقبل قریب میں پاکستان سمیت متعدد ممالک میں ڈینگی کے وبائی شکل اختیار کرنے کے امکانات کے بارے میں انتباہ جاری کیا ہے۔ ڈینگی وائرس کی وجہ سے مچھروں سے پھیلنے والی یہ بیماری خاص طور پر ایشیا اور افریقہ جیسے خطوں میں انسانی جانوں کے لیے انتہائی خطرہ ہے ۔ ڈینگی صحت کا ایک اہم مسئلہ بنا ہوا ہے خطرناک بات یہ ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے یورپ، امریکہ اور دیگر افریقی ممالک سمیت نئے خطوں میں اس کے ممکنہ پھیلاؤ کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ اس بڑھتے ہوئے خطرے کی بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلی اور اس کے نتیجے میں گرم موسم میں مچھروں کی افزائش ہے گرم موسم ڈینگی پھیلانے والے مچھروں کے پھیلاؤ کے لیے سازگار حالات پیدا کرتے ہیں۔ڈینگی ایک دردناک اور جان لیوا بیماری ہے جو شدید درد اور بعض صورتوں میں ہلاکتوں کا باعث بنتا ہے ۔ڈینگی کے بچنے اور اس کی روک تھام کے لیے مندرجہ تجاویز پر عمل کرنے سے اس وبا کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ ڈینگی کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنا سب سے اہم ہے۔ حکومتوں، این جی اوز، اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والی تنظیموں کو کمیونٹیز کو بیماری کی علامات، روک تھام کے اقدامات، اور فوری طبی امداد حاصل کرنے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے مہم شروع کرنی چاہیے۔ مچھروں پر قابو پانے کے اقدامات کو تیز کیا جانا چاہئے۔ اس میں مچھروں کے خاتمے کے مضبوط پروگراموں جیسے باقاعدگی سے فیومیگیشن اور افزائش کے مقامات کو ختم کرنا، خاص طور پر گنجان آباد شہری علاقوں میں اسپرے کی اشد ضرورت ہے۔ (رحمت عزیز خان چترالی)