لاہور، فیصل آباد، ڈیرہ اسماعیل خان(سپیشل رپورٹر، خصوصی رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں کڑی شموزئی کے علاقہ منگل میں پانی کے تنازع پر خونریز تصادم کے دوران 2 سگے بھائیوں سمیت 7افراد جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے ہیں، تحصیل درابن تھانہ چوہودان کے علاقہ منگل میں پہاڑی پانی کھیتوں کو دینے کے 40سالہ تنازع میں قوم پخہ خیل اور قوم مدوزئی کے درمیان فائرنگ ہوئی، تکرار ہوئی تو قوم پخہ خیل کے افراد نے قوم مدوزئی کے لوگوں پر فائرنگ کر دی ، لطیف،احمد شاہ،حبیب اور عصمت جاں بحق ہوگئے خ 2 افراد قیو م اور سلیم زخمی ہوگئے ، اطلاع پر قوم مدوزئی کے افراد نے قوم پخہ خیل کے 2 بھائیوں ظاہر شاہ اور طاہر شاہ کو فائرنگ کرکے قتل ، ایک شخص شاہد کو زخمی کردیا۔ لاہور فیکٹری ایریا میں 28 سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد ہوگئی، گلستان کالونی میں قبرستان میں لاش پڑی دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع کی ، پولیس کے مطابق نوجوان کی شناخت کے لئے مقامی مساجد میں اعلانات کرائے گئے تاہم شناخت نہ ہونے پر لاش مردہ خانہ جمع کرا دی گئی ۔ فیصل آ باد میں نشاط آ باد کے نواحی گاؤں سجاداں میں معذور بیٹے نے فا ئرنگ کر کے 70 سالہ باپ کو قتل کر دیا ، پولیس نے ملزم کوگرفتار کر لیا، 51 ج ب سجاداں میں مقتول صفدر کا قاتل بیٹا شفاقت معذور تھا جس کو مقتول گھریلو معاملات پر تشدد کا نشانہ بنا تا تھا ،گذشتہ روز مقتول سو رہا تھا ، اسی دوران قاتل نے بندوق کا فائر اپنے باپ کے سر پر کرکے اسے مار دیا۔