ماسکو،کیف(نیٹ نیوز،این این آئی)یوکرین میں 30دن کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ روس کے صدر پوٹن نے کہا ہے کہ سفارتی حل کیلئے تیار ہیں۔یوکرین نے اپنے شہریوں کو فوری روس چھوڑنے کا حکم دیا ہے ،جاپان،آسٹریلیا نے بھی ماسکو پر پابندیاں عائد کی ہیں،یوکرین پر سائبر حملوں کی روک تھام کے لیے 12رکنی سائبر ریپڈ رسپانس ٹیم تیا ر کی گئی ہے جس میں لتھوانیا، کروشیا، پولینڈ، ایسٹونیا، رومانیہ اور نیدرلینڈ کے سائبر سکیورٹی کے ماہر شامل کیے گئے ہیں،امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ روس پر جلد پابندی کی دوسری قسط جاری کی جائے گی،چین کا کہنا ہے کہ امریکہ خطے میں جنگ کو ہوا دے رہا ہے جبکہ یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے یوکرین بحران عالمی امن کیلئے خطرہ ہے ، اس وقت چھ زبانوں میں یوکرین بحران کی رپورٹنگ کرنے والے صحافی کے چرچے ہیں فلپ انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، جرمن اور پرتگالی کے علاوہ لکسمبرگ کی زبان میں رپورٹنگ کررہے ہیں۔یوکرین کی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فرنٹ لائن کے قریب شیلنگ میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا ہے ۔ امریکی انٹیلی جنس نے آئندہ 48 گھنٹے میں یوکرین پر روس کے بڑے حملے کی اطلاع دے دی،ترک صدر رجب طیب اردوان نے پوٹن سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکی یوکرین کی خودمختاری کے خلاف کسی بھی اقدام کو تسلیم نہیں کرے گا۔