لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان کے چاروں صوبوں پر مشتمل ایکس وزرائے اعلی فورم تشکیل دے دیا گیا۔مقامی ہوٹل میں سابق وزیر اعلی پنجاب میاں منظور وٹو ،سابق وزیر اعلی و گورنر پنجاب مصطفی کھر، سابق وزیر اعلی سندھ ارباب غلا م رحیم ، سابق وزیر اعلی پنجاب دوست محمد کھوسہ ، سابق وزیر اعلی کے پی کے اکرم خان درانی ، پیر صابر شاہ اور آفتاب احمد شیرپاو نے اجلاس میں شرکت کی ۔ فورم کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے کہا فورم کی تشکیل کا مقصد پاکستان کے مفاد میں کام کرنا اور عوام کے سنجیدہ مسائل پر حکومت کی توجہ مبذول کرنا ہے ۔ سابق وزراء اعلی کے تجربات کو حکومت کے سامنے پیش کریں گے اور ان کے ماضی کے دور میں کیے گئے اچھے کاموں کو موجودہ حکومت کے سامنے پیش کرنا ہے تاکہ ان کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے ۔ ملک میں مستقبل کی قانون سازی کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرنا ہے ۔ اکٹھے ہونے کا کوئی سیاسی مقصد نہیں بلکہ ملک کی خوشحالی اولین ترجیح ہے ۔ آئین پاکستان کی سربلندی اور صوبائی خود مختاری کے لیے کام کریں گے ۔ رمضان کے بعد اسلام آباد میں میٹنگ ہو گی ۔ مصطفی کھر نے کہا موجودہ حالات کے پیش نظر فیڈریشن کمزور ہو رہی ہے ۔ ملک میں احتساب نہیں ہو گاتو یہ ملک نہیں چلے گا ۔عمران خان کی خوبی ہے کہ کرپٹ نہیں اور پیسے کا ان کو کوئی لالچ نہیں لیکن بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ ان کی ٹیم اس طرح کام نہیں کر پا رہی جس طرح عمران خان چاہتے ہیں ۔