فیصل آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم و ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کیلئے ہائر ایجوکیشن پر خصوصی توجہ ہے ، اس سلسلے میں یونیورسٹیز میں علم وتحقیق کا معیار مزید بلند کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے یہ بات یونیورسٹی آف فیصل آباد سرگودھا روڈ کے ساتویں اور یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے چھٹے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہورپروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، پیٹرن ان چیف دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میاں محمد حنیف، چیئرمین بورڈ آف گورنرز حیدر امین، ممبر بورڈ آف گورنرز میاں محمد رشید، ریکٹرپروفیسر ڈاکٹر شوکت پرویز، پروریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید، پرنسپل یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر عامر علی چوہدری، پرنسپل ڈینٹل سیکشن پروفیسر ڈاکٹر فرخ عمران کے علاوہ اساتذہ، والدین اور طلباء و طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ساتویں اوریونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے 6 ویں کانووکیشن کے مجموعی طور پر 1743 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جن میں 44 گولڈ میڈلز،61 سلورمیڈلزاور 39 سٹوڈنٹس کو برؤنز میڈلز سے نوازا گیا۔ صوبائی وزیر قانون نے ڈگری حاصل کرنے اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ، ان کے والدین اوراساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء وطالبات عملی میدان میں اعلیٰ مقاصد کے حصول کا مشن اختیار کریں جس میں کامیابی کیلئے محنت، لگن اور تندہی سے خدمات انجام دی جائیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت وتوقیر میں کمی نہ آنے دیں جن کی دعاؤں اورمحنت سے وہ اس مقام پر پہنچے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے لہذا وہ اپنی قومی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردارا دا کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو علم وہنر میں وسیع مواقع فراہم کررہی ہے اور یہ سہولتیں ہرنوجوان کے لئے قابل رسائی ہونگی۔انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن،ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات ومعاونت کو سراہتے ہوئے مختلف عرصہ میں کامیابی کی منازل طے کرنے پریونیورسٹی آف فیصل آباد،میڈیکل اینڈڈینٹل کالج کے منتظمین کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے بھرپورتعاون کا یقین دلایا۔قبل ازیں وزیر قانون نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس میں میڈلز وڈگریاں تقسیم کیں۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز حیدر امین نے صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بھر پور کوششوں سے یونیورسٹی آف فیصل آباد کو بلند پایہ درس گاہ بنایا گیا ہے جس میں درس و تدریس اور فیکلیٹز کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال میں مستحق طلبہ اورمریضوں کے لئے فراہم کردہ سہولیات سے بھی آگاہ کیا۔ ریکٹرز نے ادارہ کی علمی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ طالب علموں کو آن لائن سروسز بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے ہونہار ڈگری ہولڈرز کو مبارکباد دی اور ان کے لئے مستقبل میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ آخر میں پیٹرن ان چیف میاں محمد حنیف نے وزیر قانون پنجاب اور دیگر مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔