اسلام آباد (وقائع نگار،نیٹ نیوز)افغانستان میں قیام امن کیلئے ’ ’لاہور پراسس‘‘ کے نام سے پہلی کانفرنس آج بھوربن مری میں ہوگی۔غیر سرکاری تنظیم لاہور سنٹر فار پیس اینڈ ریسرچ (ایل سی پی آر)کی طرف سے کانفرنس میں افغانستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہونگے ۔غیر سرکاری تنظیم کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ افغانستان کی 18 سیاسی جماعتوں اور گروپس کے 57 مندوبین کانفرنس میں شریک ہونگے ۔ کانفرنس میں گلبدین حکمت یار، استاد عطا نور، افغان امن جرگہ کے سربراہ کریم خلیلی اور دیگر اہم رہنما شرکت کرینگے ۔کانفرنس سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افتتاحی خطاب کرینگے ۔ کانفرنس میں افغانستان کی سکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائیگا۔کانفرنس سے عوامی رابطوں اور مستقبل کیلئے تجاویز کے تبادلہ کا موقع ملے گا۔ علاوہ مستقبل کی حکومتوں کے درمیان اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ کانفرنس تجارت، روابط، صحت اور دیگر شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کریگی۔ کانفرنس میں افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں سابق سفرا، محققین اور تھنک ٹینکس کے ارکان بھی شرکت کرینگے ۔ کانفرنس کے شرکا وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کرینگے جبکہ صدر ڈاکٹر عارف علوی کانفرنس کے شرکاکے اعزاز میں عشائیہ دینگے ۔