کراچی(سٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ آصف ہارون کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا،غیرملکی عناصر کا بھی آصف ہارون کے قتل میں ہاتھ ہو سکتا ہے ،اس قسم کا واقعہ شہر میں ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ شروع کرنے کی نئی کڑی ہو سکتی ہے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل اتوار کو فیڈرل بی ایریا میں پی ٹی آئی کے شہید کارکن آصف ہارون کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے مقتول کے اہل خانہ کو قاتلوں کی جلد گرفتاری کا یقین دلایا ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ غم کی گھڑی میں ہم شہید آصف ہارون کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، قاتلوں کو بہر صورت پکڑا جائے گا۔ دوبارہ کراچی کا امن خراب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے خطرہ ظاہر کیا کہ غیر ملکی عناصرکا بھی آصف ہارون کے قتل میں ہاتھ ہو سکتا ہے ۔ تحریک انصاف کے تمام کارکنان اور منتخب ارکان اسمبلی سے کہتا ہوں وہ صبر سے کام لیں۔ دریں ڈاثنا مقتول آصف ہارون کی نماز جنازہ ہفتہ و اتوارکی درمیانی شب رات دو بجے مدنی مسجد میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں یاسین آباد قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔عزیز آباد پولیس نے قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی محمد مناف کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کرلیا۔