کراچی(کامرس رپورٹر)ایف بی آر کی قائمقام چیئرپرسن نوشین امجد جاوید نے کہاہے کہ گزشتہ سالوں میں گھٹتی ہوئی درآمدات کے تناظر میں مقررہ ریونیو ہدف بہت زیادہ ہے جسکا حصول مشکل ہوگیاہے تاہم رواں مالی سال کے باقی ماندہ 4ماہ کے دوران مطلوبہ اقدامات کے ذریعے کوشش ہے کہ ریونیو کا مقررہ ہدف حاصل کردیاجائے گا یہ بات انہوں نے پیر کو کسٹم ہاوس کراچی میں ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ کسٹمز کراچی سے پاس آوٹ ہونے والے 30 اسسٹنٹ کلکٹرز کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی۔ انہوں نے کہاکہ نمو کی شرح اور معیشت کی موجودہ صورتحال بھی ریونیو ہدف کے حصول میں رکاوٹ ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ سیلزٹیکس کسٹم ڈیوٹی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی کم وصولیاں ریونیواہداف کے حصول میں بنیادی رکاوٹ ہیں۔ انہوں کہاکہ گزشتہ چند سالوں سے درآمدات کے کم حجم میں کمی کے باعث محصولات میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ معاشی سست روی بھی محصولات میں کمی کی بڑی وجہ ہے ۔