لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں پرویز مشرف کی خصوصی عدالت کی تشکیل کالعدم کرنے کے حکم پرنظر ثانی کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ لائرز فائونڈیشن فار جسٹس نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے نظر ثانی درخواست دائر کی جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون و انصاف، رجسٹرار خصوصی عدالت اور پرویز مشرف کو فریق بناکر موقف اختیار کیا گیا کہ 13 جنوری کو لاہور ہائیکورٹ میں پرویز مشرف کی درخواست کیخلاف متفرق درخواست دائر کی تھی، قانونی طور پر سپریم کورٹ میں جب اپیل دائر کرنے کا فورم موجود ہو تو ہائیکورٹ میں درخواست ناقابل سماعت ہوتی ہے ،درخواست میں سپریم کورٹ کے 2010ء کے فیصلے جسٹس خورشید انور بھنڈر بنام وفاقی حکومت کا حوالہ دیا گیا ہے ،خصوصی عدالت کے قانون 1976 کی دفعہ 12 کے تحت سنگین غداری عدالت کے فیصلے کیخلاف 30 روز میں اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی جا سکتی ہے ، ہائیکورٹ بھی قانون پر عملدرآمد کرنے کی پابند ہے ،پرویز مشرف کی درخواست میں فریق بننے کی درخواست پر فاضل بنچ نے درخواستگزار کی استدعا پر بھی غور کرنے کی آبزرویشن دی تھی ،؟،ہائیکورٹ کے فل بنچ نے درخواست گزار کا موقف سنے بغیر پرویز مشرف کی درخواست پر فیصلہ سنا دیاجو انصاف کے اصولوں کے منافی ہے ،پرویز مشرف کی درخواست پر سنائے گئے فیصلے پرنظر ثانی کی جائے ۔