مکرمی! وطن عزیز میں بروقت اور بے وقت انتخابات کا تماشہ ہم بارہا دیکھ چکے ہیں۔خیر اب نگران حکومت قائم ہو چکی ہے ،اورہم سب کو پتہ ہے کہ نگران حکومت اپنے اصل کام یعنی بروقت اور شفاف الیکشن کے علاوہ ہر کام کرے گی۔اس ملک میں کوئی بھی وہ کام نہیں کرتا ،جس کے لیے وہ آتا ہے ۔مثلا ہر حکومت عوام کی خدمت کے لیے آتی ہے ،مگر عوام کا کھچومر ہی نکالتی ہے۔پولیس کا فرض ہے مدد آپ کی والی پولیس کے پاس جائیں ،تو پتہ چلتا ہے کہ دراصل پولیس کو آپ سے مدد، چاہیے ہوتی ہے۔لوگوں کے درمیان پورا انصاف کرو ،والی آیت کا مفہوم سجائے ایوان عدل کا ترازو کبھی بھی پورا نہیں تولتا،پلڑا کبھی ایک طرف ،تو کبھی دوسری طرف جھکا ہی ملتا ہے۔ کوئی بھی وہ کام نہیں کر رہا ،جس کے لیے وہ آتا یا لایا جاتا ہے۔لہذا نگران حکومت سے بروقت اور شفاف الیکشن کی احمقانہ فرمائش عبث ہو گی۔تاہم نگرانوں سے اتنی گزارش ضرور ہے ،کہ انتخابات بے شک نہ کروائیں،مگر عوام کی کچھ نگہبانی ضرور کر دیں۔کیوں کہ ہم سب جانتے ہیں ،کہ ہر نگہبان سے اس کی رعیت کے بارے میں سوال ضرور ہو گا۔مصائب اور مسائل کی وجہ سے خوڈ کشیاں کرتے لوگ ،زندگی کو ایک نعمت سمجھیں۔گھروں ،ہوٹلوںاور ورکشاپوں میں میں کام کرتے ،جسمانی اور جنسی تشدد کا نشانہ بنتے ،اداس اور خوفزدہ آنکھوں والے بچے بھی کوئی خواب دیکھ سکیں۔اگر نگران اتنا بھی کر جائیں،تو نہگبانوں کے طور پر یاد رکھیں جائیں گے۔ورنہ ہماری تاریخ کا کوڑا دان کافی وسیع ہے۔ (فیصل رشید لہڑی۔گجرات)