ملتان(سپیشل رپورٹر،خبر نگار)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ن لیگ جس ویڈیو کا ذکرکر رہی ہے خود جج صاحب نے اس کی نفی کردی ۔ احتساب عدالت کے جج کے بیان کے بعد ویڈیو کی کوئی حیثیت اور اہمیت نہیں۔ تاہم حکومت مریم نواز کے الزامات کی مکمل تحقیقات کرے گی ۔ ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کیا جائے گا جس کے بعد ویڈیو کا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، ن لیگ کی مزید ویڈیو کی بات مفروضوں پر مشتمل ہے اس پر بات نہیں کرونگا۔ انہوں نے کہا مریم نواز کو منڈی بہاؤ الدین میں جلسہ کرنے سے نہیں روکا گیا بلکہ مریم نواز کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا کہا گیا ۔ قبل ازیں ملتان میں نجی حج آپریٹر کے زیر اہتمام حجاج کرام کی تربیتی نشست کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا سابقہ ادوار میں حجاج کرام کی رقوم سے خوردبرد کرکے بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئیں۔ حکمرانوں نے حج جیسے مقدس فریضہ کو بھی لوٹ مار کا ذریعہ بنایا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ سعودی حکومت سے مذاکرات کرکے حجاج کی رہائشی سہولتوں کا بندوست کیا، جو رقوم بچ گئیں وہ حجاج کرام کو واپس کی جارہی ہیں یہ نئے پاکستان کی تبدیلی ہے ۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت نے حجاج کرام کی سہولت اور آسانی پیدا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی درخواست پر پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے ۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خوش نصیب صاحبان کو حج کے سفر پر روانگی کی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تربیتی سیشن میں ملتان سے تعلق رکھنے والے 3سو خوش نصیبوں نے شرکت کی ۔