اسلام آباد(آن لائن ،92نیوز رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین زلفی بخاری نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے 10 سالہ پالیسی جبکہ 5 سالہ ایکشن پلان تیار کرلیا گیا ہے ، پی ٹی ڈی سی کو مستقل بند نہیں کیا گیا بلکہ اس میں اصلاحات کی جا رہی ہیں،میں ضمانت دیتا ہو آپ ایک سال کے اندر ہی خود ہمارے فیصلے کے نتائج دیکھیں گے اور پی ٹی ڈی سی منافع میں آئیگا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مجموعی ملکی پیداوار ( جی ڈی پی )کا 10 فیصد سیاحت سے حاصل ہوتا ہے لیکن پاکستان کی جی ڈی پی میں سیاحت کا حصہ 3 فیصد بھی نہیں اسے بڑھانے سے اربوں روپے کی آمدن حاصل ہوگی۔ زلفی بخاری نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کا ایک برینڈ بھی بنایا جاچکا ہے جسے سال کے آخر میں لانچ کیا جائیگا۔ سیاحت کی مارکیٹنگ اور برینڈنگ کیلئے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہوٹلز کو صوبوں کو دیا جائے گا تا کہ وہ ان ہوٹلز کو 30 سال کی مدت کیلئے نجی سیکٹر کو لیز پر دے سکیں دستاویزات کی تیاری کیلئے ایک غیر ملکی کمپنی کی خدمات حاصل کی ہیں اور اس منصوبے کا آغاز گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی 46 جائیدادوں سے کیا جارہا ہے اور 3 سے 4 سال میں عوام ان 46 مقامات پر 3 سٹار اور 4 سٹار ہوٹلز دیکھیں گے ۔