سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزنے دہشتگردی کی کارروائی میں ایک اور نوجوان کوشہید کردیا۔قابض فوجیوں نے کپواڑہ میں نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں نوجوان کو شہید کیا ،4روز میں 8شہادتیں ہوگئیں حریت رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری نوٹس لے ،خصوصی افراد کی تنظیم نے بھی بھارت کیخلاف مظاہرہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے نیوچاما میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیاآخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا ، بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی کارروائی کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میں ایک نوجوان شہید ہوگیا،قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور بزرگ شہریوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور بچوں کو ڈرایا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کے تازہ واقعات کی شدید مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ سفاک بھارتی فورسز کی طرف سے جاری خونریزی کشمیریوں کی بقاء کے لیے خطرہ بن چکی ہے جو مقبوضہ علاقے میں مودی کی بھارتی حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ وادی کشمیر میں قتل کے حالیہ واقعات کو ہندوتوا حکومت کی منظم نسل کشی کی مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے حریت رہنما نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام پربھارت کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع کپواڑہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا جس سے وادی کشمیر میں جمعرات سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے ۔ فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے نیوچاما میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔