کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور لاک ڈاون میں نرمی ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات میں اضافہ ہونے اور سیمنٹ کی فروخت بڑھنے کی توقعات کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 319.23پوائنٹس کے اضافے سے 33603.02پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 59.13فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت42 ارب45کروڑ32لاکھ روپے بڑھ گئی اور کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت13.25فیصد زائد رہا ۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں منگل کو ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ریسپانس سامنے آیا اور سیمنٹ سیکٹر کے حصص کی بڑے پیمانے پر خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 33628پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی پہنچ گیا تاہم بعد ازاں مختصر مدتی سرمایہ کاری کرنے والوں کی جانب سے شیئرز کی فروخت بڑھنے کے باعث مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس319.23پوائنٹس کے اضافے سے 33603.02پوائنٹس ہوگیا اسی طرح 185پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس14792.93پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 165.35پوائنٹس کے اضافے سے 23831.96پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 9ڈالرکے اضافے سے 1704ڈالر ہوگئی تاہم اس کے برعکس فی تولہ سونے کی قیمت95500روپے اور دس گرام سونے کی قیمت81875روپے برقرار رہی جب کہ چاندی کی قیمت 823روپے فی تولہ بھی مستحکم رہی۔ علاوہ ازیں مقامی کرنسی مارکیٹوں میں منگل کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں25پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں30پیسے بڑھ گئے ۔