لاہور(جنرل رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈاکٹرز گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد نے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ہیلتھ ڈاکٹر افضل ایم پی اے کی سربراہی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں جی ایچ اے ، پی ایم اے ، وائے ڈی اے ، وائے این اے ، پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسنگ سٹاف کے نمائندے شامل تھے ۔ وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو اپنے تین مطالبات پیش کئے جن کے مطابق بورڈ آف گورنر میں تبدیلی کر کے اہل افراد کو شامل کیا جائے ، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کو مستقل ملازمت رول کے مطابق دی جائے اور ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کرنے سے قبل بیڈ، کمرے اور سٹاف فراہم کیا جائے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں کسی کو نوکری سے فارغ کرنے کے سخت خلاف ہوں، ہم روزگار دینے کے حامی ہیں چھیننے کے نہیں لہٰذا آپ اپنی ہڑتال کو ختم کر دیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات حکومت کے سامنے پیش کئے جائیں گے بلکہ ان کو منظور کرانے کیلئے پورا زور لگاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے ہسپتالوں کا بیڑہ غرق کرنے کا سلسلہ شروع کیا جسے بطور وزیراعلیٰ میں نے آ کر روک دیا تھا۔